وزیراعظم عمران خان کا وژن کرپشن فری و سرسبز و شاداب پاکستان ہے:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

227

اسلام آباد، 16جولائی(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن کرپشن فری و سرسبز و شاداب پاکستان ہے،وزیراعظم ملک کو غیر ملکی معاشی غلامی سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیربرائے مواصلات و پوسٹل سروسزمراد سعید اور معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی  ملک امین اسلم  کے ہمراہ  وفاقی کابینہ کے اجلاس پر میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ سابقہ دور میں  نام نہاد مغلیہ خاندان نے ملک کو  لوٹا۔ گزشتہ 10 برسوں میں  سکیورٹی کیمپ آفسز کے قیام پر قوم کا بے دریغ پیسہ خرچ کیا گیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ریکوڈک فیصلے  کے جائزہ کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ، کمیٹی ریکوڈک فیصلے کے ذمہ داروں کے تعین سمیت مستقبل کا لائحہ عمل طے کریگی۔

انہوں نے کہاکہ کابینہ  نے  ڈیلی میل میں شہبازشریف کی کرپشن سے متعلق خبر کا  بھی جائزہ لیا۔ مختلف وزارتوں میں ایڈہاک اور ایڈیشنل چارجز کی جگہ مستقل تعیناتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے گھی اور آٹے سمیت  اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیا،مصنوعی قلت  سے  بحران پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی اور وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکرٹریز سے وضاحت طلب کرلی ہے۔کابینہ نے  خوردنی تیل پر عائد ٹیکس 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ حکومتی فیصلوں کی نشرواشاعت کیلئے میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاسی جماعت سے  نہیں بلکہ مافیا سے ہے۔ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔تاجروں کے جائز مسائل سننے اور حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ٹیکس رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا،حکومت کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اس موقع پروفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی  کے 5کیمپ آفسز تھے۔ تین کیمپ آفسز لاہور اور 2ملتان میں تھے۔کیمپ آفسز کی سکیورٹی پر 24 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ سابق صدر آصف زرداری نے سکیورٹی اور انٹرٹینمنٹ پر بھاری پیسہ خرچ کیا،زرداری کی سکیورٹی اور انٹر ٹینمنٹ پر 316کروڑ 41لاکھ  روپے خرچ کیے گئے ۔ صدر نہ ہونے کے باوجود آصف زرداری کی سکیورٹی پر 656 اہلکار تھے۔

انہوں  نے کہا کہ نوازشریف کے 2015میں دورہ امریکہ پر 4لاکھ60ہزار ڈالر خرچ ہوئےجبکہ عمران خان کے  دورہ امریکہ  پر صرف 60ہزار ڈالر خرچ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ  نوازشریف نے 2016میں  لندن میں سرکاری اخراجات پر اپناعلاج کرایا۔ نوازشریف کو لے جانے اور واپس لانے کیلئے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ استعمال ہوا۔ جاتی امراء کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب   کا کیمپ آفس بنایا گیا۔نوازشریف کی رہائش گاہ کے گرد باڑ لگانے پر 24کروڑ 50لاکھ روپے  خرچ ہوئے۔جاتی امراء کی رہائش گاہ پر سکیورٹی کیمروں کی تنصیب پر 6کروڑ 66لاکھ خرچ ہوئے۔شہباز شریف کی سکیورٹی پر 872کروڑ 69لاکھ 59ہزار خرچ ہوئے۔شریف خاندان کی   بیگمات اور دامادوں کیلئے الگ الگ سکیورٹی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک نا اہل شخص کی سکیورٹی پر قوم کے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔شہباز شریف نے سرکاری خرچ سے 130کروڑ کا نیا ہیلی کاپٹر خریدا۔ شریف خاندان کی سکیورٹی کیلئے 2717پولیس اہلکار تعینات تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نقل و حرکت پر اخراجات  60فیصد کم ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سکیورٹی اخراجات  میں  85.6فیصد کمی  آئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم کا کہنا تھاکہ مون سون شجرکاری کے تحت ملک بھر میں 14کروڑ پودے لگائے جائینگے۔شجرکاری کیلئے 400تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے پلاسٹک شاپنگ بیگز  پر پابندی کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے اسلام آباد میں  پلاسٹک شاپرز  پر  14 اگست سے پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں فیصلے کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔پاکستان میں 55ارب پلاسٹک شاپرز  سالانہ استعمال ہورہے ہیں۔پلاسٹک شاپرز ماحولیات کیلئے انتہائی خطرناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت پلاسٹک شاپرز بنانے،استعمال اور فروخت کرنیوالوں پر جرمانہ ہوگا جبکہ  پلاسٹک شاپرز کے متبادل ایک لاکھ بیگز مفت تقسیم کیے جائینگے۔

وی این ایس اسلام آباد