پاکستان،یورپی یونین کیساتھ تجارت کا موجودہ حجم بڑھانے کا خواہاں ہے: ڈاکٹر عارف علوی

205

اسلام آباد، 16 جولائی (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم ان کی حقیقی صلاحت سے ہم آہنگ نہیں ،اسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان “جی ایس پی پلس” سکیم کو اپنی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کےلئے تعمیری رابطہ تصور کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یورپی یونین کے سبکدوش ہونے والے سفیر جین فرینکوئس کوتین سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدرمیں ان سے ملاقات کی۔

صدرمملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو پاکستان میں مدت کی کامیاب تکمیل پرمبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے فروغ کےلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو تعاون کے تمام شعبوں میں مثبت سمت میں گامزن ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے دیہی ترقی، قدرتی وسائل کے انتظام ، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کےلئے یورپی یونین کی معاونت کی بھی تعریف کی۔

سفیر نے مہمان نوازی اور پاکستان میں ان کے خوشگوار قیام کےلئے حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی  کی لعنت کے انسداد کےلئے پاکستان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

 صدرمملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیرکےلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

 وی این ایس، اسلام آباد