کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ ہماری اخلاقی فتح ہے،پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں : شاہ محمود قریشی

290

اسلام آباد، 17جولائی(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کلبھوشن یادیو کیس کے فیصلے کے حوالے  سے  کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا کو جس فیصلے کا انتظار تھا وہ سنا دیا گیا، عالمی عدالت نے 21 فروری کو محفوظ کیا گیا  فیصلہ سنایا، میں آج پوری قوم کو اس فیصلے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں یہ ہماری اخلاقی فتح ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اس کیس کو عالمی عدالت میں اس بنیاد پر لے کر گیا کہ کمانڈر یادیو کی سزا کو ختم کیا جائے،اسے بھارت کے حوالے کیا جائے لیکن عدالت نے ان کی بات کو رد کیا ہے۔ہمارا نکتہ نظر  یہ تھا اور ہے کہ وہ دہشتگرد اور جاسوس تھا اور اس بات کا اعتراف بھی اس نے خود کیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ عالمی عدالت نے کمانڈر یادیو کو ریویو کا حق دیا ہے لیکن اس کا فیصلہ پاکستان کریگا  اس میں پاکستان کی سالمیت کا احترام کیا گیا ہے،کمانڈر یادیو کے پاس اپیل کا حق تو تھا وہ ملٹری کورٹ کے بعد ہائی کورٹ،سپریم کورٹ جا سکتا تھا، رحم کی اپیل تک کا حق حاصل تھا۔

انہوں نے کہا   کہ بھارت کو عالمی  عدالت انصاف  میں جا کر حاصل کیا ہوا؟عالمی عدالت نے ملٹری کورٹ کے فیصلے کو منسوخ نہیں کیا، یہ بھی پاکستان کے انصاف اور قانون کے نظام پر اعتماد کا اظہار ہے۔پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور پاکستان نے انتہائی ذمہ دارانہ رویہ اختیارکیا۔ہمارے پاس بہت کم وقت تھا لیکن ہم نے عالمی عدالت انصاف کا احترام کیا ،ہم قانون کا احترام کرتے ہیں ہم اپنے قانون اور ضابطے کے اندر رہتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ملٹری کورٹ کے فیصلے کو کالعدم نہیں کیا گیا اگرچہ یہ بھارت کی خواہش تھی۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے کن وجوہات پر کونسلر رسائی نہیں دی اس  بارے میں  ہم نے عالمی عدالت میں اپنا موقف پیش کیا ،ہماری رائے میں جاسوس کو یہ حق حاصل نہیں،آئی سی جے نے ہماری بات کو سنا اور اپنی رائے دے دی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت نے سزا کی معطلی، کلبھوشن کی واپسی کا مطالبہ کیا جسے بھی  عالمی عدالت انصاف نے رد کر دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے متفقہ طور پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزارتِ خارجہ کی پوری ٹیم کو اس کیس کی موثر پیروی اور کامیابی پر مبارکباد بھی دی، جس کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ  میں پاکستانی میڈیا کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے موقف کو بہترین انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد