ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پشاور پریس کلب میں سیمینار سے خطاب

220

پشاور، 15 اگست(اے پی پی ): معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان   نے کہا ہے کہ پوری قوم بھارتی مظالم کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہی

ہے ،  بھارت اور اس کے تمام اداروں کی مذمت کر رہی ہے اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے ۔

 پشاور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے  خطاب  کرتے ہوئے ان کا   کہنا تھا کہ یوم سیاہ کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان نے کل یہ ثابت کیا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر ہماری خوشیاں ادھوری ہیں۔کشمیر کی آزادی کے بغیر برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل ہے۔وزیراعظم عمران خان کرپشن فری اور مساوات پر مبنی پاکستان چاہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان عالمی سطح پر مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔معاون  خصوصی نے  بتایا  کہ گزشتہ 5دہائیوں سے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس کبھی نہیں بلایا گیا لیکن  اب وزیراعظم کی سفارتی کوششوں سے 5دہائیوں کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا گیا۔

معاون خصوصی نے کہا نریندر مودی نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق بھی چھین لیے ہیں  ،آج کے سیمینار کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم کی طرف  توجہ دلانا ہے۔انہوں نے

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں  سے  بھارت کے خلاف بروقت اقدامات کرنے کی  درخواست کی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی انتہا پسند تنظیموں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی قومی سلامتی اور خودمختاری ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے  آگاہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان مسلح افواج کے ساتھ  مل کر پاکستان کے استحکام کیلئے کوشاں ہیں ۔

معاون  خصوصی کے ہمراہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور اجمل وزیر بھی  موجود تھے ۔

سورس : وی این ایس،پشاور