اسلام آباد ، 30 اگست ( اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ دنیا بھر کے مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، ہم متحد رہیں گے تو کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔
وزیر اعظم آفس میں یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بھارتی پروپیگنڈے کا ہر سطح پر جواب دینا ہو گا۔ بھارت کی فاشسٹ حکومت کے کنٹرول میں جوہری اسلحہ دنیا کے لئے سنگین خطرہ ہے، دنیا کو بھارت کے فاشسٹ نظریے کو جاننا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کسی صورت دبائے نہیں جا سکتے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا بھارت کشمیریوں سمیت پورے ملک میں مسلمانوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کرنے پر پوری قوم کا شکر گزار ہوں۔
تقریب میں پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
وی این ایس ، اسلام آباد











