شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا نواں اجلاس

167

اسلام آباد،17 ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا نواں اجلاس آج منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ نے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ ء جنیوا اور اس دوران ہونیوالے اعلیٰ سطحیٰ روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے جاری مشترکہ بیان میں اٹھاون ممالک کی واضح حمایت کا سامنے آنا پاکستان کے لیے اور باالخصوص نہتے کشمیریوں کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے ۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں معصوم انسان گذشتہ تینتالیس روز سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔انہوں  نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوئی ۔

اجلاس میں رواں ماہ کے آخری عشرے میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی مشاورت کی گئی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں  سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابقہ خارجہ سیکریٹریز/سفراء، ماہرین بین الاقوامی تعلقات سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اے پی پی/ سعیدہ/حامد