وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا ایک نکاتی ایجنڈا”مسئلہ کشمیر”کو اجاگر کرنا ہے:فردوس عاشق اعوان

333

اسلام آباد، 17ستمبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات  ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا  ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں  کابینہ کو اپنے مجوزہ دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا ایک نکاتی ایجنڈا”مسئلہ کشمیر”کو اجاگر کرنا ہے، وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرینگے۔

منگل کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد  میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم اپنے دورہ امریکہ  میں اہم رہنماؤں سے ملاقات کرینگے اور کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے، وزیراعظم کشمیریوں کے سفیر بن کر امریکہ جارہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں میڈیا سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا،میڈیا ریاست کا چوتھا ستون بن چکا ہے، وزیراعظم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا کے شفاف کردار کو فروغ دیا جائے،کابینہ نے فیصلہ کیا کہ خصوصی میڈیا ٹریبونلز قائم کیے جائیں،ٹریبونلز کا مقصد میڈیا سے متعلق شکایات کا جلد ازالہ کرنا ہے۔ خصوصی میڈیا ٹریبونل شکایت کا 90دن میں فیصلہ کرنے کے پابند ہونگے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف حکومت اپیل دائر کریگی،ذوالفقار بھٹہ کیس میں سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ سزایافتہ شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے  کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ خواجہ سراؤں کیلئے بھی ہیلتھ کارڈ جاری کیے جا  رہے ہیں،خواجہ سراؤں کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء کیلئے نادرا ڈیٹا بیس سے مدد لی جارہی ہے۔

معاون خصوصی  نے  کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ملک بھر کے بڑے ہسپتالوں میں انفارمیشن سنٹر بنائیگی،انفارمیشن سینٹر کا مقصد بزرگ اور بے سہارا افراد کی معلومات میڈیا تک پہنچانا ہے،بے سہارا بزرگوں کیلئے مسکن کے نام سے خصوصی سینٹرز بھی قائم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں نشے کی روک تھام کیلئے 244بحالی مرکز بھی  قائم کیے جارہے ہیں

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے صوبوں کو ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایات سمیت  دودھ اور دیگر غذائی اشیا میں  ملاوٹ کی روک تھام  کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

 وی این ایس، اسلام آباد