وزیراعظم عمران خان نے نڈر،بے باک اور مظلوم کشمیریوں کا سفیر بن کر مودی کو للکارا ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

255

اسلام آباد، 13 ستمبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات و  نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نڈر،بے باک  اور مظلوم کشمیریوں کا سفیر بن کر مودی کو للکارا ہے  اور ایک مرتبہ پھر 27 ستمبر کو عالمی فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائیں گے۔مقبوضہ   کشمیر میں  خواتین مسلسل مصائب ومشکلات کا سامنا کررہی ہیں۔

یکجہتی کشمیر خواتین ریلی سے خطاب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی خواتین مقبوضہ کشمیر کی مظلوم خواتین کے دکھ کو پوری طرح محسوس کررہی ہیں،خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑینگے، مسلمان کبھی موت سے نہیں ڈرتا۔ اگر بھارت کو زور بازو پر ناز ہے تو مودی کو کرفیو اٹھانے کا چیلنج کرتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہاکہ تنازعہ کشمیر پر دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں ، عالمی برادری کو  نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم بندکرانے میں کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا  کہ پوری امید ہے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی سیاہ رات  ختم  ہوگی، آزادی کا سورج طلوع ہوگا، پوری قوم کو یکجا ہوکر دنیا کو کشمیریوں کیلئے اتحاد و اتفاق کا پیغام دیناہوگا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے مذہبی فرائض کی ادائیگی کا حق تک چھین لیا ہے، انشاء اللہ کشمیر ایک دن ضرور پاکستان بنےگا۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ قومی کاز کی بجائے اپنے مفادات کی بات کی ، اب سوچ بدلنا ہوگی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد