پروڈکشن آرڈر کا اجراء اسپیکر کا صوابدیدی اختیار، رکن اس کا مطالبہ نہیں کر سکتا:پروڈکشن آرڈر متعلق معاملے پر شاہدخاقان عباسی کو جوابی خط

244

اسلام آباد ، 13 ستمبر ( اے پی پی ):  شاہد خاقان عباسی کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر  قومی اسمبلی  سیکرٹریٹ نے  جوابی خط تحریر کیا ۔پروڈکشن آرڈرز کے معاملے پر اسپیکر غیر جانبدارانہ سوچ سے فیصلہ کرتے ہیں۔  خط کے متن کے مطابق کسی بھی زیر حراست رکن کے پروڈکشن آرڈرز کا اجرا اسپیکر کا اختیار ہے اور اسپیکر بحیثیت قومی اسمبلی اپنی آئینی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ اس لیے اسپیکر زیر حراست رکن کے خلاف درج تمام مقدمات کا جائزہ لے کر ہی پروڈکشن آرڈرز کے اجرا کا فیصلہ کرتے ہیں اور  زیر حراست رکن کے خلاف درج شدہ کیس کی نوعیت کا بغور جائزہ لیتے  ہیں۔

خط  میں  کہا گیا کہ پروڈکشن آرڈر کا اجراء اسپیکر کا صوابدیدی اختیار ہے، رکن اس کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق اسپیکر ضروری سمجھنے پر زیر حراست رکن کو اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کر سکتا ہے۔۔خط کے متن  کے مطابق پروڈکشن آرڈر کے اجراء سے متعلق  آئینی گنجائش موجود نہیں ہے ۔

  خط میں وا ضح  کیا گیا کہ اگر زیر حراست رکن اسپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء پر مطمئن نہیں تو اس سلسلہ میں عدالت سے رابطہ کرسکتا ہے۔

سورس : وی این ایس ، اسلام آباد