وزیر اعظم کی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات پیش کرنے کیلئے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز کی پیروی کر نے کی ہدایت

173

اسلام آباد ، 17 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے خزانہ، منصوبہ بندی، تجارت ڈویژنوں اور سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور مراعات پیش کرنے کیلئے علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز کی پیروی کریں جبکہ متوقع سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری اور صنعتوں کے قیام میں آسانی پیدا کرنے کیلئے خصوصی اقتصادی علاقوں (ایس ای زیز) کو بجلی، گیس اور رابطہ سڑکوں جیسی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایات منگل کو اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  دیں جو صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ کسی اور مقام سے پاکستان میں یونٹوں کے قیام کیلئے پیش کی جانے والی مراعات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد ہوا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز سرمایہ کاری بالخصوص چینی کمپنیوں کو راغب کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ چین نے مختلف پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی توازن بہتر ہو گا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے انفراسٹرکچر کی ترقی، توانائی اور مواصلات کے شعبے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ چینی اور روسی کمپنیوں نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور پیشکشوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اب اقتصادی نمو کی صحیح سمت میں گامزن ہے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکومت کاروبار میں آسانی کے ساتھ ساتھ متوقع سرمایہ کاروں کو مراعات بھی فراہم کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر حیدر گیلانی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری خارجہ امور، سیکرٹری منصوبہ بندی، ممبر پالیسی ایف بی آر اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد