وزیر خارجہ کی  کیریبیائی ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کے نائب وزیر اعظم، وزیر برائے خارجہ امور سے  ملاقات

163

نیو یارک،23ستمبر(اے  پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو کیریبیائی ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کے نائب وزیر اعظم، وزیر برائے صنعت و تجارت و خارجہ امور لوئیس ہلٹن َسٹراکر سے یہاں  اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے لئے کیریبیائی ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر کے طور پر اقوام متحدہ میں موجودگی خوش آئند ہے۔ کیریبیائی ممالک کی تنظیم کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین کی طرح گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات نے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔پانچ اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لاکھوں معصوم انسانوں کو بدترین کرفیو اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ہندوستان پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نام پر انسانیت سوز مظالم فی الفور بند کرے۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے کیریبیائی ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی  اتفاق کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد