میر پور،25 ستمبر(اے پی پی ): معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں زلزلے کے متاثرین کے نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی ہو گی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاتلاں کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں ،اس مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے سب کا تعاون درکار ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہرممکن تعاون فراہم کیا جائیگا ،زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف فراہمی کو یقینی بنانا ہےہم سب مل کر اس نقصان کا ازالہ کریں گے۔
چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے جاتلاں کا علاقہ زیادہ متاثر ہوا ۔ زلزلے کے باعث 24 افراد جاں بحق ہوئے،80کے قریب افراد زخمی ہیں جبکہ 450گھربھی متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 14کلو میٹر سڑک بری طرح متاثر ہوئی ہےسڑک کی بحالی کیلئے کام جاری ہے، جلد ٹریفک کیلئے کھول دی جائیگی۔متاثرین کو ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں، متاثرین کی رہائش کیلئے200ٹینٹ روانہ کر دیئے گئے ہیں جبکہ غیر ملکی سفیروں نے بھی امداد کیلئے رابطہ کیا ہے۔
وی این ایس











