مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مقصدعالمی برادری ،انسانی حقوق کے علمبرداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

154

اسلام آباد ، 11 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں انسانی ہاتھوںکی زنجیر اور ملک بھر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مقصدعالمی برادری ،انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عالمی میڈیا کے ضمیر جھنجھوڑنا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے آج بھی یِہ ہی پیغام دیا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

وہ جمعہ کو ڈی چوک میں انسانی ہاتھوں کی بنائی گئی زنجیر کے شرکاءسے خطاب کر رہیں تھیں ۔ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک جڑواں شہروں سے خواتین، بچوں ،بزرگوں اور طالبعلموں کی کثیر تعداد نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی تھی ۔ شرکاءکے ہاتھوں میں کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے شرکاءپرجوش انداز میں بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ،ملی نغموں سے شرکاءکا جوش مزید بڑھتا رہا ،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضاءگونجتی رہی ۔

انسانی ہاتھوں کی زنجیر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کے وکیل اور سفیر بن کر دنیا کے ہر فورم آواز بلند کرتے رہیں گے ،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے لیکر ہر فورم پر وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اٹھایا اور بھارتی ظلم،بربریت اور مکروہ چہرے کے بے نقاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں انسانی ہاتھوں کی بنائی گئی زنجیر میں جڑواں شہروں سے خواتین ،مردوں ،بچوں ،طالبعلموں کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کی ،انسانی ہاتھوں کی زنجیر صرف زنجیر کی حد تک نہیں بلکہ ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ اور ایک دل سے دوسرے دل کو جوڑنے کا نام ہے ، آج پاکستان کی 22کروڑ عوام کشمیریوں پر ہونے والے ظلم اور پریشانی کی شدت کو محسوس کرتے ہوئے باہر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے20لاکھ کشمیریوں سے اظہار آزادی رائے کا حق چھین کر انھیں قید میں ڈال دیا ہے ،یہ انسانی ہاتھوں کی زنجیر ان بھارتی زنجیروں کو توڑنے کا سبب بنے گی ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں پاکستان کے 22کروڑ عوام ، حکومت پاکستان ، میڈیا ،سول سائٹی اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیریوں کے ساتھ ملکر بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ،عوام کی یہ آواز نہ صرف کشمیریوں کو حوصلہ دے گی بلکہ وزیراعظم عمران خان کے دوٹوک موقف کو مزید تقویت دے گی ۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد