وفاق  وسائل کے مطابق  کراچی کے مسائل حل کرنے میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے:وزیراعظم پاکستان

146

 

کراچی، 21 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ  ماضی میں کراچی کے عوام اور کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح و بہبودکو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

کراچی میں تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ  کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے۔ وفاقی حکومت کو کراچی میں پانی ، ٹرانسپورٹ، ویسٹ منیجمنٹ اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کا مکمل ادارک ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی نظام کراچی کے مسائل کا حل نکالنے میں معاون ثابت ہو گا۔ ہماری حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا معاشی خسارہ ورثے میں ملا۔ لیکن اب ملک کی معاشی صورتحال بہت حد تک بہتر ہوچکی ہے۔ صوبہ سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہوئے۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزراءکو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے ممبران اسمبلی سے رابطے مزید بڑھائیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے ممبران سندھ اسمبلی کو کراچی میں جاری اور زیر غور وفاقی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

 ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی زیدی، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر بھی موجود تھے۔

وی این ایس،کراچی

Download Video