پاکستانی قوم کشمرکیوں کساوتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی: وزیر اعظم کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی سے خطاب

147

اسلام آباد ، 11 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج نے دو ماہ سے زائد عرصہ سے 80 لاکھ انسانوں کو کرفیو میں بند کر رکھا ہے، تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے لئے شہادتیں دیں، مودی نے اپنا آخری پتہ کھیل لیا ہے لیکن کشمیری یہ تسلیم نہیں کریں گے، مقبوضہ کشمیر سے جب کرفیو اٹھے گا تو لاکھوں لوگ باہر نکلیں گے اور یہ راستہ ان کی آزادی کا راستہ ہوگا، پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر اور ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج یہاں جمع ہونے کا مقصد کشمیر کے لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ ہم بار بار دنیا کو بھی یہ پیغام دیں گے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج نے دو ماہ سے زائد عرصہ سے 80 لاکھ انسانوں کو کرفیو میں بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کے دوہرے معیار کو سامنے لانا چاہتا ہوں، یہ بات بڑی افسوسناک ہے کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے احتجاج کو تو شہ سرخیوں کے طور پر پیش کرتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں عورتوں، بچوں، بزرگوں اور بیماروں سمیت 80 لاکھ لوگوں کی کوئی کوریج نہیں کرتا جنہیں 9 لاکھ بھارتی افواج نے یرغمال بنا رکھا ہے اور ان پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں میں تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں کی شہادت ہوئی ہے جنہیں اپنا حق خودارادیت مانگنے پر شہید کیا گیا۔ یہ حق انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں نے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے انسان کے ہاتھ میں کوشش رکھی ہے اور کامیابی وہ خود دیتا ہے۔ ہم بھی کشمیریوں کی تحریک کی حمایت میں اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ سارا ملک کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، آپ دیکھیں گے کہ کشمیریوں کے حقوق کی شروع کردہ یہ تحریک ایک سمندر بن جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے امریکہ کے دورہ کے دوران عالمی لیڈرز کے ساتھ کشمیر کے مسئلہ پر بات کی اور انہیں اس کے بارے میں آگاہی دی۔ میڈیا میں بھی اس پر بات ہو رہی ہے جبکہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بہت بڑی حماقت کر دی ہے اور اپنا آخری پتہ کھیل لیا ہے، وہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے لوگ یہ سب تسلیم کرلیں گے لیکن ایسا نہیں ہوگا، کشمیر کے عوام میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے، جب کرفیو اٹھے گا تو لاکھوں لوگ باہر نکلیں گے اور یہ راستہ ان کی آزادی کا راستہ ہوگا۔

سورس :وی این ایس اسلام آباد