پاکستان اور چین کے  تعلقات کی نوعیت ایسی ہے کہ ہر موڑ پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہیں: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

167

 

بیجنگ، 09 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے چین سے  تعلقات کی نوعیت ایسی ہے کہ ہم ہر موڑ پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہیں۔ چین کی بہت واضح پوزیشن ہے، انہوں نے ہماری تاریخی پوزیشن کو  اپنایا ہوا ہے۔

بیجنگ میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  جنیوا میں جب ہیومن رائٹس کونسل کا اجلاس ہوا تو اس میں بھی ہماری مشترکہ حکمت عملی تھی۔16 اگست کو ہم مشترکہ حکمت عملی سے آگے بڑھے تھے۔حال ہی میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں جہاں پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا وہاں چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی نے کشمیر کے حوالے سے بات کی اور تشویش کا اظہار کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے بتایا کہ  وزیر اعظم عمران خان کی چینی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوئی ہے جبکہ  صدر شی سے بھی ملاقات ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری چین کے وزیر اعظم کے ساتھ دو ملاقات ہوئی ہے اور وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے ہیں جن  میں ہم نے تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ اور سی پیک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو   ہوئی۔انہوں نے آگاہ کیا  کہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے اس پر بھی بات چیت  سمیت

بہت سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں ۔ تعلیم کے شعبے میں ایم او یو پر، معذور افراد کی فلاح و بہود کیلئے بھی ایک دو طرفہ یادداشت پر اور نارکاٹیکس کنٹرول کے حوالے سے بھی ایم و یو پر دستخط کئے گئے  ہیں جبکہ  پانی کے مسئلے پر پر ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کا  بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس سے  گوادر بھی مستفید ہو گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا تیرہ مہینوں میں چین کا تیسرا دورہ ہے ،ہماری خواہش ہے کہ جس طرح انہوں نے مہمان نوازی کی ہے انہیں بھی پاکستان آنے کی دعوت دی جائے ۔

 وی این ایس، بیجنگ