پاکستان برادر اسلامی ممالک کے مابین جذبہ اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کا خواہاں ہے : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  کا  ٹویٹ

203

اسلام آباد ،  16  اکتوبر ( اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے کہ

امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے، پاکستان برادر اسلامی ممالک کے مابین جذبہ اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کا خواہاں ہے ۔ایران کے بعد سعودی قیادت کا  خطے میں کشیدگی کے خاتمے  اور امن و استحکام کے فروغ  کیلئے وزیراعظم پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہانہ عمران خان کو بطور رہبرِ امت مسلمہ ممتاز کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹویٹر  پر معاون  خصوصی نے کہا کہ کرفیو کو 73 روز ہوگئے،80 لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں،وادی جنت نظیر جیل میں بدل چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، مواصلاتی پابندیوں اور مسلسل لاک ڈاؤن سے آگاہ کیا ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب  نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ اور تنازعہ کے پرامن طریقے سے حل پر زور دیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے  کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے جبکہ  وزیراعظم نے بھی  اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا ۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video