وزیراعظم سے ڈاکٹر بابر اعوان کی ملاقات، ملکی تازہ سیاسی صورتحال،آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال

0
41

اسلام آباد، 4 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی تازہ سیاسی صورتحال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں معیشت کی بہتری کےلئے حکومتی اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست پہلے سیاست بعد میں آتی ہے، ریاست کو کسی صورت کمزور نہیں پڑنے دیں گے، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، سب پر قانون کا یکساں اطلاق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عدالت سے لے کر سپریم کورٹ تک سب جگہ خود پیش ہوا ہوں، ملکی ادارے مزید مستحکم کریں گے، پاکستان کا استحکام اداروں کے ساتھ وابستہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہو گی، دنیا بھر سے آنے والے سکھ زائرین کو خوش آمدید کہنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کےلئے کی جانے والی کوششیں رنگ لا رہی ہیں، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 32 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی، تجارتی خسارے میں کمی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے، مزید اقدامات جاری ہیں آنے والے چند ماہ میں مزید بہتری آئے گی۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مولانا کے دھرنے کی اصل وجہ معیشت میں بہتری ہے، اسلام آباد دھرنا اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، مشروط اجازت صرف مارچ کےلئے تھی دھرنے کےلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کے مارچ کے باعث کشمیر کاز منظر عام سے غائب ہو گیا۔

بابر اعوان نے کرتارپور راہداری کی بروقت تکمیل پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کا حکومت پراعتماد ہے۔

 وی این ایس، اسلام آباد

Video Download