امریکی ٹام لنٹاس کمیشن کی مقبوضہ کشمیر  سے متعلق  رپورٹ  نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے: وزیر خارجہ 

151

اسلام آباد، 18نومبر(اے پی پی ):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا  ہے کہ امریکی کانگریس کے ٹام لنٹاس کمیشن کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے حالیہ رپورٹ نے جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارت سرکار کو بے نقاب کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر  میں ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہے،انٹرنیٹ سروسز تا حال معطل ہیں جبکہ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو  بھی مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے “کافی ٹائم “کے عنوان سے شروع  کیے  گئے بین الاقوامی میڈیا  نمائندگان سے  رابطے کے فروغ  کی  نشستوں کے سلسلے   کی  پہلی نشست میں کیا ۔ اس ملاقات میں پاکستان میں بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ملاقات میں وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک سو چھ دن سے جاری بدترین محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے مفصل اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے مگر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات کے ذریعے خطے کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کی صورت میں دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم مذہبی آزادی اور رواداری کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہیں ۔پاکستان “افغان امن عمل” سمیت خطے میں قیام امن کے لئے اپنا مصالحتی کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو روکنے اور اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ملاقات کیلئے “کافی ٹائم” کے نام سے شروع کیا گیا یہ سلسلہ انشاءاللہ جاری رہے گا۔بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان نے اس نئے سلسلے”کافی ٹائم” کو  سراہتے ہوئے،بین الاقوامی میڈیا کوخصوصی توجہ دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

“یاد رہے کہ کافی ٹائم ” دراصل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے رابطے کے فروغ کیلئے شروع کیئے گئے سلسلے “ایف ایم کنکٹ” کی ایک کڑی ہے جس کے تحت وزیر خارجہ دانشوروں، سماجی رہنماؤں، تھنک ٹنکس، ماہرین تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اہم شخصیات کے ساتھ میٹنگز کریں گے تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور ایف ایم کنکٹ کے تحت ملاقاتوں کا یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہے گا۔

 

وی  این ایس ، اسلام آباد

Download Video