وزیراعظم عمران خان سے ہواوے کے سپروائزری بورڈ کے چیئرمین کی وفد کے ہمراہ ملاقات

142

اسلام آباد ، 07نومبر(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ہوا وے کے سپروائزری بورڈ کے چیئرمین لی جی نے وفد کے ہمراہ جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سید زبیر حیدر گیلانی، سیکریٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا، سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 ہواوے سپروائزری بورڈ کے چیئرمین نے وزیراعظم کو اپنی کمپنی کے نیٹ ورک کی توسیع اور ترقی کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے ایک نیا ایکو سسٹم کامیابی سے قائم کیا ہے تاکہ اس شعبہ میں جن کمپنیوں کی اجارہ داری ہے، ان پر انحصار سے آزاد ہوا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارت تجارت کی طرف سے نئی ای۔پالیسی کے تحت پیدا ہونے والے کاروبار کے وسیع مواقع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کمپنی کو اس شعبہ میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستان کے ذہین نوجوانوں کو تکنیکی شعبوں میں کام کے مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں کمپنی کے مینوفیکچرنگ یونٹس پاکستان منتقل کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی طرف سے ممکنہ طور پر اپنی صنعتیں پاکستان میں منتقل کرنے والی کمپنیوں کے لئے پرکشش مراعاتی پیکیج کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں سستی لیبر، باصلاحیت اور قابل پاکستانی نوجوانوں کی دستیابی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ غیر ملکی کمپنیاں اپنے کاروبار کو پھیلانے کے لئے اس سے استفادہ کر سکتی ہیں۔ آئی ٹی کے شعبہ نے ڈیجیٹل پاکستان مہم شروع کی ہے اور اس کے تحت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے گا اور کمپنیاں بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ درآمدی متبادل کی فراہمی میں ان کی مہارت اور نسٹ اور جی آئی کے کے طلباءکے تعاون سے شروع کئے گئے تکنیکی آٹومیشن آپریشن کو آگے بڑھانے میں بہت مدد ملے گی۔ ہوا وے سپروائزری بورڈ کے چیئرمین لی جی نے کہا کہ وہ پاکستانی طلباءکی ذہنی صلاحیتوں اور قابلیت سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی نے نمل کے طلباءکو میرٹ ایوارڈز دینے کا پروگرام شروع کر رکھا ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download video