وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے پر عزم ہیں: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

149

سیالکوٹ ، 10 نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلا عا ت و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے پر عزم ہیں ، حقوق اللہ اور حقوق العباد کو متوازن بنانے کا نام اسلام ہے ، نبی کریمؐ نے انسانیت سے محبت اور رواداری کا درس دیا، نوجوان نسل نبی کریمؐ کی سیرت پر عمل کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ  انسانی حقوق کا سب سے بہترین چارٹر دین اسلام نے پیش کیا،پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال بننے جا رہا ہے، وزیراعظم مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے  کہا کہ بابری مسجد سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ نے یکطرفہ فیصلہ دیا، فیصلے نے بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا، کل ثابت ہو گیا کہ بھارت میں آ ر ایس ایس کا نظریہ مسلط ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظلوم کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا ، انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ، روایتی قتل اور بے گناہ کشمیریوں کی نسل کشی دنیا کے ضمیر کو ہلا دینے کے لئے کافی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے یو این او کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں پوری امت مسلمہ کی موثر نمائندگی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن خیال مثال بن جائے گا۔

معاون خصوصی  نے  کہا  کہ ہمیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے “امتی” ہونے پر بہت فخر ہے۔ حضرت محمدﷺ نے انسانیت سے محبت ، امن ، اتحاد ، بھائی چارے ، رواداری اور احترام کا سبق بھی دیا ہے۔

 وی این ایس، اسلام آباد