اسلام آباد15 نومبر(اے پی پی ): ممبر قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو واپس لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ حکومتی عددی طاقت پوری ایوان کو پتہ ہے مگر پھر بھی اپوزیشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ء کا کہنا تھا کہ ہم سب عوام کے ووٹوں سے آئے ہیں اور ہمیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹیز میں ہونے والی قانون سازی زیادہ موثر ہوتی ہے۔ پانچ سال گزرنے کے بعد لوگ اعتراف کرینگے کہ اسپیکر اسد قیصر نے اس ایوان کو مضبوط کیا ہے ۔
اسد عمر نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے متنازع ہوں ۔ جس نظریے پہ ووٹ لے کر آئے ہیں اس سے ایک انچ نہیں پیچھے ہٹنا اپوزیشن بھی اپنا نکتہ نظر بیان کرے ان کا حق ہے۔
وی این ایس اسلام آباد











