وزیراعظم عمران خان سے کے او سی ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو لیونٹ کےکیرو رگلو کی ملاقات

199

ڈیووس , 23 جنوری (اے پی پی) :وزیراعظم عمران خان سے کے او سی ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو لیونٹ کےکیرو رگلو نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس 2020ءکے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سیّد ذوالفقار عباس بخاری، سرمایہ کاری کیلئے سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور جنیوا میں اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں 1953ءسے کمپنی کے وجود اور طویل وابستگی کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 1960ءکے بعد موجودہ حکومت نے پہلی بار صنعتی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے اور ہم ہنرمندی کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اقتصادی ترقی کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کے او سی کو توانائی، سیاحت اور میزبانی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر غور کرنے کی دعوت دی۔ کے او سی ہولڈنگز ترکی کی بڑی کمپنی ہے جو توانائی، آٹوموٹیو، فنانس، سیاحت، ریٹیل، تعمیرات، شپنگ، دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک کے شعبوں میں اپنی مصنوعات کیلئے معروف ہے۔

 اے پی پی /نیوزڈیسک/ریحانہ