کوئٹہ 24 فروری (اے پی پی )لائیو اسٹاک اور معدنیات کے شعبوں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بلوچستان کے مختلف شعبو ں میں سرمایہ کاری کے امکانات کی جانب متوجہ ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ریکوڈک مائننگ ایریا کی ترقی کے لئے ریکوڈک ریسورس ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام اورصوبے کے معدنی اثاثہ جات کی تفصیلات اور نقشہ جات کی تیاری کے لئے بین الاقوامی فرم کی خدمات حاصلکرنے کی ہدایت کی ۔
سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ رواں مالی سال میں صوبے کے اپنے محاصل کی وصولی کا ہدف 21ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جسے حاصل کرلیا جائے گا، اجلاس میں 77ترجیحی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار نے اجلاس کو پی ایس ڈی پی سے متعلق امور اور سیکریٹری لائیواسٹاک دوستین جمالدینی اور سیکریٹری معدنیات ظفر بخاری نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی مانیٹرنگ پی اینڈ ڈی کی ذمہ داری ہے تاہم متعلقہ ترقیاتی محکمے بھی اپنے اپنے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے ذمہ دار ہیں۔صوبائی وزیر مٹھاخان کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری مواصلات سمیت دیگر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وی این ایس کوئٹہ











