کوئٹہ، 24 فروری (اے پی پی ):وز یراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بلیو پائن کا پودا لگا کر پلانٹ فار پاکستان ڈے اور شجر کاری مہم 2020 کاباقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ہمیں عوام میں درختوں کی اہمیت وافادیت کا احساس جگانا ہوگا کیونکہ درختوں کی اہمیت کے پیش نظر انٹرنیشنل سطح پر شجرکاری مہم 2020کے درخت ،سرکاری جنگلوں اور ہر ضلع کی سطح پر تمام بڑے تعلیمی اداروں ،کیڈٹ کالجوں اور سرکاری اراضی پر لگائے جائیں گئے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کا پورے صوبے میں آغاز کردیا گیا ہے، اس سال صوبے میں تقریباً چالیس لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں اکتیس لاکھ پودے بلین سونامی پروجیکٹ کے تحت لگائے جائیں گے اور دس لاکھ پودے غیرترقیاتی پروگرام کے تحت لگائے جائیں گے۔ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے آغاز پر ایک دن میں ایک لاکھ پودے لگائے گئے ہیں اور گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران صوبے کے طول وعرض میں سولہ لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال اور نشوونما کو یقینی بنانے کے لئے پولیس، لیویز، پاک فوج اور ایف سی کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شجر کاری کی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور پودوں کی دیکھ بھال میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔
وی این ایس، کوئٹہ











