ترک کمپنیاں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں: رجب طیب اردوان

148

اسلام آباد ،  فروری  14 (اے پی پی ):ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاسی، دفاعی، تجارتی اور سرمایہ کاری روابط فروغ پا رہے ہیں ہم نے اعلیٰ سطح پر اپنے تعاون کو بڑھایا ہے  اور ترک کمپنیاں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں

 ترک صدر   کے دورہ پاکستان   کے حوالے سے  اسلام آباد میں منعقدہ  دو روزہ پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے  ترک صدر کا کہنا تھا  کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم حقیقی صلاحیت سے کم ہے اور    پہلے مرحلے میں دوطرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر اور پھر بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک لے جانا ہوگا

 انہوں نے کہا    کہ  ترکی کی کمپنیاں دفاع، صحت اور دیگر شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ ہم تیل و گیس کے شعبے میں اپنی کمپنیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں ۔   دونوں ممالک ٹرانسپورٹیشن، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں  جبکہ    دفاعی شعبے میں  بھی  تعاون فروغ پا رہا ہے۔

 فورم سے خطاب کرتے ہوئے    وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی  اور کہا   کہ  پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اور موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ کاروبار دوست حکومت ہے، ترک سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ترکی کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکن حد تک جائے گی اور  ہم   ترکی کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کا خیرمقدم کریں گے۔

آئی ٹی کے شعبہ میں بھی ترک سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے  وزیر اعظم   کا کہنا تھا  کہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم آئی ٹی کے شعبہ میں بھی ترکی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، کان کنی کے شعبہ میں بہت مواقع ہیں اور ترکی میں یہ شعبہ بھی بہت ترقی کر چکا ہے، اسی طرح زراعت کے شعبہ میں بھی ہم ترکی کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں   نے کہا کہ  موجودہ حکومت نے کاروبار کو آسان بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں اور اس حوالہ سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بھی بہت بہتری آئی ہے، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہئے، موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ کاروبار دوست حکومت ہے سرمایہ کار دونوں ممالک کے قریبی تعلقات سے فائدہ اٹھائیں۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے   وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے  کہا کہ دونوں ملکوں نے سٹرٹیجک فریم ورک پر اتفاق کیا ہے، جلد پاکستان سے ٹیکسٹائل وفد ترکی کا دورہ کرے گا، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ملکوں میں سٹرٹیجک اکنامک فریم ورک پر اتفاق بڑی کامیابی ہے، دوطرفہ تجارتی حجم 85 کروڑ ڈالر ہے جس میں اضافہ کی بہت گنجائش ہے۔ ترک وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔بزنس  فورم میں   دونوں ممالک کے    بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں    شرکت کی   ۔

وی این ایس