حکومت ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے  کیلئے  سنجیدہ کوشش کر رہی ہے: معاون خصوصی  عبدالکریم

132

پشاور، 24فروری(اے پی پی ): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا ہے کہ ضلع شمالی وزیرستان میں صنعتی و تجارتی ترقی کے کافی مواقع موجود ہیں، حکومت ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے  کیلئے  سنجیدہ کوشش کر رہی ہے۔

شمالی وزیرستان  کے سب ڈویژن رزمک میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں  نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے علاقے کو قیمتی دولت سے مالامال کیا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو جدید سائنسی بنیادوں پر استعمال میں لاکر علاقے میں صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکیں۔

معاون خصوصی نے مشرانوں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ ہم مل کر علاقے کی ترقی اور محرومیوں کا ازالہ کرکے امن و امان قائم کر کے معاشی ترقی کا آغاز کرینگے۔

معاون برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر شمالی وزیرستان کا خصوصی دورہ کیا اور اس دوران معاون خصوصی کو ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے ضلع شمالی وزیرستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں تحریک انصاف کے ضلع شمالی وزیرستان کے صدر اور حکومتی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

دورہ کے دوران معاون خصوصی نے میران شاہ میں میوہ منڈی روڈ کی تعمیراتی کام کا افتتاح بھی کیا ۔

وی  این ایس،  پشاور