اسلام آباد ، 24فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے جس کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی لوگوں کے لئے کاروبار اور نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔
وزیرِ اعظم نے پیر کے روز ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے حوالےسے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ماحولیات ، قدرتی حسن اور مقامی اقدار کو مدنظر رکھ کر سیاحت کے فروغ کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے جبکہ آنے والے مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ابتدائی طور پر صوبہ پختونخواہ کے چار، صوبہ پنجاب میں ایک اور بلوچستان کے ایک ساحلی علاقے میں سیاحت کے حوالے سے آئندہ چھ ہفتوں میں ویژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کیا جائے۔ویژن ماسٹر پلان بیرون سرمایہ کاروں کو سیاحت کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔
اجلاس میں مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ، سینئر افسران اور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ماہرین شریک ہوۓ۔
اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ، صوبہ پنجاب اور ملک کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ ،گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں سیاحتی توجہ کا مرکز قدیم عمارات کے تحفظ اور تزئین و آرائش اور ماحول دوست سیاحت کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا ۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے حوالے سےزوننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور گلگت بلتستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے تین زون قائم کیے گئے ہیں جن میں غذر، استور اور شگر شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں سیاحتی توجہ کا مرکز قدیم عمارات کے تحفظ اور تزئین و آرائش کے لئے آغا خان فاؤنڈیشن کی خدمات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ کو ہدایت کی کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع ریسٹ ہاؤسز کی بحالی اور انتظامات سیاحت کے شعبے سے وابستہ نجی شعبے کو دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے
وی این ایس اسلام آباد











