مدینہ کی فلاحی ریاست کے اصولوں پر جو بھی ملک عمل پیرا ہوا اس نے ترقی کی: وزیر اعظم عمران خان

159

میانوالی ، 23 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست حضرت محمدﷺ نے مدینہ میں بنائی تھی جو پوری دنیا میں بہترین ماڈل ہے، جوملک بھی ان اصولوں پر عمل پیرا ہوا اس نے ترقی کی، زندگی کا مقصد اور موت کا جواب کوئی سائنس تلاش نہیں کر سکی بلکہ اس کا جواب مذہب میں ہے۔

اتوار کو وہ نمل یونیورسٹی کے ساتویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان مبارک النہیان، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عارف نذیر بٹ، وائس چانسلر سکندر مصطفیٰ نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو اس وقت ہمیں بہت سے سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا تھا، اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے ساتھ دیا، اس پر پاکستان کے عوام کی جانب سے ان کے شکرگزار ہیں، متحدہ عرب امارات مشکل وقت کا ساتھی ہے اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید انور امریکہ سے یہاں آئے، انہوں نے یونیورسٹی کے بورڈ اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جب شروع میں اس جگہ کی خوبصورتی دیکھی تو یہاں پر ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ بنانے کا سوچا تاہم بعدازاں اس جگہ کی خوبصورتی دیکھ کر فیصلہ کیا کہ یہاں پر یونیورسٹی بننی چاہیے تب میرے تمام ساتھی یہ کہہ رہے تھے کہ یہاں پر یونیورسٹی نہیں بن سکتی کیونکہ یہاں فیکلٹی نہیں آئے گی، اس لئے وہ فیکلٹی ممبران کے شکرگزار ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہروں میں سہولیات زیادہ ہونے کی وجہ سے وہاں تدریس کے  مواقع میسر ہوتے ہیں تاہم ان لوگوں نے یہاں تدریس کا کام شروع کیا جو ان کے شوق کی غمازی کرتا ہے، اس کو میں نے ہمیشہ سراہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج کا دن والدین کے لئے خوشی کا موقع ہے کہ ان کے بچے ایک عالمی معیار کی ڈگری لے کر جا رہے ہیں، میں ان کی خوشیوں میں شریک ہوں۔

 وزیراعظم نے ٹونی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جو لاس اینجلس سے یہاں آئے اور انہوں نے اس ادارے کا ماسٹر پلان بنایا ہے۔ اب یہ ماسٹر پلان دیکھ کر لگتا ہے کہ کیسے یہ یونیورسٹی پاکستان کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور نالج سٹی بنے گی۔

وزیراعظم نے فارغ التحصیل طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے جب شیطان نے انسان کو سجدہ کرنے سے انکار کیا تو اللہ تعالیٰ نے اسے کہا کہ میں نے انسان کو وہ طاقت دی ہے کہ جو تمہیں حاصل نہیں، اللہ نے انسان کو سب سے عظیم مخلوق بنایا، ہم اپنی زندگی بسر کر لیتے ہیں لیکن ہمیں اس کا علم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مقصد ہر انسان کے دل میں ہوتا ہے، دل جو کہتا ہے دماغ اسی طرف جاتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں جو بھی فیصلے کیے وہ صرف دل کے مان کر کیے۔ 9سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنے کا عزم کیا کبھی ناکامی کا خوف نہیں رہا پھر اسی جذبے سے ہسپتال بنایا اور پاکستان کو قائداعظم کی جدوجہد اور اقبال کے خواب کے مطابق ملک بنانے کا سوچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مدینہ دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست ہے جو آج تک پوری دنیا کے لئے رول ماڈل ہے۔ اسی بنیاد پر برصغیر کے مسلمانوں نے الگ ملک حاصل کیا تھا، اس کے اصول مدینہ کے فلاحی ریاست کے اصولوں پر تھے، دنیا نے جس ملک نے بھی یہ اصول اپنائے اس نے کامیابی حاصل کی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر فارغ التحصیل طالب علموں میں ڈگریاں تقسیم کیں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد