لاہور،24 فروری(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریکوں کے پیچھے پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارتی پراپیگنڈا پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ،جب بھی بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی ہم نے امن کا پیغام دیا، آزادی کشمیر وہاں کی عوام کے امنگوں کی تحریک ہے۔
وہ پیر کے روز نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام 12ویں سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اب ایک مضبوط اور مستحکم ملک بن کر آگے کی طرف بڑھ رہا ہے اور ہم نے ہمیشہ پوری دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے جس کی واضح مثال ہم نے 51لاکھ افغان مہاجرین کو پاکستان میں پناہ دی اور ابھی بھی 27لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں قیام پذیر ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت نے جب بھی پاکستان پر جنگ مسلط کی تو ہم نے ہمیشہ بھارت سمیت پوری دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے،بھارت نے پاکستان پر فضائی حملہ کیا تو ہم نے ان کا طیارہ گرا کر پائلٹ کو باحفاظت ان کے حوالے کر دیا جس سے بھارت سمیت پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم امن کو فروغ دینے والی قوم ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت اپنی ہی قوم کو تباہ کرنے کے راستے پر چل رہا ہے لیکن ہمیں اس بات کی خوشی نہیں کیونکہ وہاں مسلمانوں کو جب بھی نقصان پہنچے گا اس کا دکھ ہمیں ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین سمیت پوری دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو اس کا درد ہماری قوم کو بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت یہ ماننے کو تیار ہی نہیں کہ وہاں مغلیہ حکومت قائم رہی ہے اس کا بس چلے تو وہ تاریخ مسخ کر دے اور اس کے اوراق تک پھاڑ دے مگر بھارت کو یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ کشمیریوں کو آزادی ان کی امنگوں کے مطابق ملنی چاہئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر میں جب بھی آزادی کی تحریک چلی ہے تو بھارت نے دنیا کے سامنے پراپیگنڈہ کیا ہے کہ اس کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے مگر اب آہستہ آہستہ یہ بات پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے کہ کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر میں سب اچھا ہو رہا ہے تو بھارت کو پوری دنیا کے نمائندوں کو کشمیر آنے کی اجازت دینی چاہئے اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کو اپنے رشتہ داروں سے بھی ملنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ بھارت نے تو اپنے اپوزیشن لیڈروں سمیت غیر ملکی مبصرین کو کشمیر جانے سے روک رکھا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ کتنا مخلص ہے اور سب اچھا والی بات میں کتنی حقیقت ہے۔
وی این ایس، لاہور











