کراچی، 27 فروری (اے پی پی): نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ (ناپا) کے زیر اہتمام ”ناپا انٹرنیشنل پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول 2020“ کا آغاز5 مارچ سے ہوگا، فیسٹول 22 مارچ تک جاری رہے گا۔
اس سلسلے میں فیسٹیول ڈائریکٹر زین احمد نے جمعرات کے روز ناپا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول میں ڈرامے، ڈانس اور موسیقی کے پروگرامز شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب ستار نواز نفیس احمد کی فارمنس سے شروع ہوگی اس موقع پر ان کے شاگرد بھی ان کے ہمراہ فارمنس پیش کریں گے۔ انہوں کہا کہ اس فیسٹیول میں جرمنی، اٹلی اور سری لنکا سمیت مخلتف ممالک کے آرٹسٹ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
زین احمد نے بتایا کہ تھیٹر میں اردو، انگریزی اور سندھی زبانوں میں اسٹیج پلے شامل ہیں جبکہ ڈانس اور موسیقی کے پروگرامز میں غیرملکی فن کار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناپا اس سے قبل بھی بہت سارے فیسٹیولز منعقد کراچکا ہے۔
ا نہوں نے کہا کہ ناپا جہاں اپنے طلباءکو تربیت فراہم کرتا ہے وہاں انہیں فن کا مظاہرہ کرنے کے مواقعہ بھی فراہم کرتا ہے۔ ڈائریکٹر فیسٹیول نے کہا کہ مذکورہ ایونٹ کے بعد 24 مارچ سے 29 مارچ تک “ایکٹ ون یونیورسٹی فیسٹیول “منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو فیسٹیولز منعقد کئے جارہے ہیں ان میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف میوزک اینڈ فارمنگ آرٹ کے فنکار بھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ اس موقع پر ملکی و غیرملکی اسٹیج آرٹسٹ اور دیگر فنکار بھی موجود تھے۔
اے پی پی /کراچی/حامد











