وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا  ویڈیو پیغام

161

اسلام آباد، 16فروری ( اےپی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  بروز اتوار اپنے  ویڈیو پیغام میں کہا  کہ آج میں کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے حریت رہنما، سید علی گیلانی کی صحت کے لیے دعاگو ہوں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو تادیر سلامت رکھے۔آپ کا وجود کشمیریوں کیلئے باعث حوصلہ ہے۔آپ عزم و ہمت کی ایک چٹان ہیں۔ آپ نے پچھلی چھ دہائیوں میں جس طرح مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی نمائندگی کی اور جس طرح حق خود ارادیت کے علم کو بلند کیے رکھا تاریخ میں اس کی مثال کم ہی ملے گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیاوی عہدہ، جبر، تشدد یا قید حتی کہ کوئی چیز آپ کو جھکا نہیں سکی۔5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد، وہ لوگ جو آپ کی رائے سے مطابقت نہیں رکھتے تھے آج ان کے قائل دکھائی دیتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے جھوٹے وعدوں پر اعتبار کر کے وقت کا ضیاع کیا۔

پاکستانی اور کشمیری دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی ہیں وہ آپ کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں کیونکہ آپ ہمت، حوصلے اور حق خود ارادیت کے نظریئے کی علامت بن چکے ہیں۔ میں آپ کی صحت یابی اور درازی ء عمر کیلئے دعاؤں کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کو یہ پیغام بھی دینا چاہتا ہوں کہ آج پاکستان کا ہر بچہ، ہر عورت اور ہر نوجوان، کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ اور ہمارا ایمان ہے کہ آپ کی قربانی رنگ لائے گی اور آپ کو اس قید سے بھی آزادی ملے اور انشاءاللہ ہندوستان کے تسلط سے بھی آزادی ملے گی۔

وی  این ایس، اسلام آباد