لاہور،21 فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ہمارامشن حجاج اکرام کی بہتر سے بہتر خدمت کرنا ہے، بزنس کمیونٹی حج کو کاروبار کی نظر سے کم اور عبادت کی نظر سے زیادہ دیکھے ٗ عبادت کے ساتھ ساتھ بزنس کے جزوی فائدے ہیں ٗ حاجیوں کو جو بھی مشکلات آتی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ٗ اس سال ٹرانسپورٹ، بلڈنگ سمیت دیگر تمام اقدامات بہتر کئے جارہے ہیں،گزشتہ سال اقتصادی صورتحال بہتر نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں حج سبسڈی پر ہمیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا،اس وقت ملکی معیشت ایسی نہ تھی کے بہتر سبسڈی دی جاتی، ہم نے تمام شرعی پہلووں کو دیکھ کر فیصلہ کیا، وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ حج اخراجات کو مزید کم رکھنا ہے، ان حالات میں بھی بہترین حج پیکیج لیکر آئے ہیں، پرائیویٹ حج پالیسی میں مزید شفافیت اور ٹرانسپرنسی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں میرٹ کی خلاف ورزی نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس میں ہوپ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نور الحق قادری نے کہا کہ اس سال وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں کہ کسی بھی صورت ہم نے حج کو مہنگا ہونے سے بچانا ہے اس کیلئے ہم نے سعودی ایئر لائنز ٗ سعودی وزارت حج سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کئے ہیں تاکہ حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سبسڈی دیکر بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے پشاور ٗ کوئٹہ ٗ کراچی ٗ اسلام آباد اور لاہور کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے جس میں ہم لاہور چیمبر آف کامرس کے لوگوں کو بھی مشاورت کیلئے شامل کریں گے تاکہ وہ ہمیں مخصوص بجٹ کے اندر رہتے ہوئے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت بہتر رائے دے سکیں۔
سورس: وی این ایس، لاہور











