کمشنر پشاور امجد علی خان نے موسم بہار شجر کاری مہم 2020 کا افتتاح کردیا

153

پشاور، 26فروری(اے پی پی): کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی خان نے اضاخیل میں چیڑ ھ کا پودا لگا کر موسم بہار شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔شجرکاری مہم میں ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر گلزار رحمان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکمشنر پشاور ڈویژن امجد علی خان نے کہا کہ مہم کے دوران دس بلین پروگرام کے تحت پشاور ڈویژن کے اضلاع پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ صرف اضاخیل کے علاقے میں آج 5000 پودے لگائے گئے ہیں۔

 کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی خان نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا اور انکی نگہداشت کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ان کی حفاظت کریں اور اپنے آنے والی نسلو ں کو بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر  ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر سمیت دیگر افسران نے بھی پودے لگائے اور بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وی  این ایس،  پشاور