احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا مقصدکم آمدنی والے طبقہ کی اعلی تعلیم تک رسائی کو بڑھانا ہے: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

299

اسلام آباد، 02مارچ (اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج(پیر  )کو احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے تعلیمی سال 2019-2020 کے پہلے مرحلے کی احساس اسکالرشپس طلباءمیں تقسیم کریں گے۔

سوموار کو  پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما شہباز  گل   کے ہمراہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایچ ای سی(HEC)کے آن لائن پورٹل پر پہلے مرحلے کے لیے موصول شدہ  درخواستوں پر جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو چکاہے۔ انہوں نے کہا تعلیمی سال 2019،2020 کے لیے ملک کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں سے منتخب ہونے والے 50,000 طلباءکو احساس اسکالرشپس دئیے جا رہے ہیں۔

 ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا  کہ احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام ہے۔احساس اسکالرشپ پروگرام،حکومت کی اسکالرشپ پالیسی میں ایک نئی جہت کی عکاسی کرتا ہے جس  کا مقصدکم آمدنی والے طبقہ کی اعلی تعلیم تک رسائی کو بڑھانا ہے۔

 معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ  نے  کہا کہ احساس اسکالرشپس ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر دئیے جا رہے ہیں، جس میں طلباءکا GPA اور ان کے خاندان کی آمدنی شامل ہے۔ اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس کے ساتھ رہائشی اخراجات کا وظیفہ بھی شامل ہے۔پروگرام  کےتحت  ہر طالب علم کو ماہانہ 4,000 روپے گزر بسر کا وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے  کہا کہ  50 فیصد احساس اسکالرشپس خواتین طلباءکے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ دو فیصد  جسمانی طور پر معذور طلبا ءکو دی گی ہیں۔ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے سالانہ 6 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس کادائرہ کار چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک پھیلا ہوا ہے۔

وی این ایس  اسلام آبا د

Download Video