حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے: خاتون اول ثمینہ عارف علوی

149

لاہور، 8 مارچ (اے پی پی): خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ حکومت آئین اور اسلام کے مطابق معاشرے میں خواتین کو بااختیار بنانے کی پوری کوشش کرے گی،ایکصحت مند اور تعلیم یافتہ خاندان میں خواتین کا کردار نمایاں ہے،خواتین ملک کی معیشت اور استحکام میں یکساں کردار ادا کرتی ہیں۔

یوم خواتین کے موقع پر الحمرا آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پہلے خواتین فیسٹیول 2020 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خواتین صنفی امتیاز کے خلاف یہ دن منایا جاتا ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی مساوی نمائندگی کو تسلیم کیا جانا چاہئے۔خاتون اول کا کہنا تھا کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنے کردار ، موجودگی اور شرکت کے اعتراف کا مطالبہ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہر شعبے ، تنظیم اور ادارے میں کام کر رہی ہیں ، چاہے وہ آرٹ ، ثقافت یا فیکٹریاں ہوں۔

خواتین کے وراثت کے حق کے بارے میں بات کرتے ہوئے  خاتون اول نے کہا کہ اسلام کے مطابق خاندان کی بیٹیوں کو وراثت کا طے شدہ حصہ دینا فرض ہے۔ قرآن کریم کی سورہ النساء میں خواتین کے حقوق کی خوب وضاحت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا  کہ ہمیں ، مسلمانوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ خواتین کے حقوق کے بارے میں ہمارا مذہب واضح ہے۔

خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں قائداعظم محمد علی جناح کے الفاظ کا حوالہ دیا اور ملک میں دہشت گردی کا سامنا کرنے کے عزم پر پاکستانی خواتین کی تعریف کی۔انہوں نے پہلا خواتین میلہ منعقد کرنے پر الحمرا آرٹس کونسل اور اس کی چیئرپرسن منیزہ ہاشمی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات کو جاری رکھا جائے گا۔

اے پی پی /لاہور/ھامد