سکھر، 23مارچ(اے پی پی) حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے سماجی میل جول اور لوگوں کے بلا جواز باہمی اجتماع کو روکنے کیلئے صوبہ سندھ میں اعلان کردہ 15روزہ لاک ڈاون کے پہلے روز پیر کو صوبے کے دیگر مقامات کی طرح سکھر، خیرپور، گھوٹکی ، سمیت ڈویژن بھر میں مکمل لاک ڈاون رہا۔ تمام تجارتی و کاروباری مراکز، بازار، ہوٹلز ریسٹورنٹس، پارکس، دفاتر، کلبز بند رہے۔ شہری گھروں میں محدود ہیں ،جبکہ مرغی،گوشت، مچھلی، اور سبزی ، دودھ و دہی اور کریانے کی دکانیں کھلی ہیں۔
اسکے علاوہ سڑکوں پر سڑکوں پر معمول کی ٹریفک کی آمدورفت بھی بند رہی ، تاہم سڑکوں پر پولیس، رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والوں اداروں کا گشت جاری رہا۔ لاک ڈاؤن کے تحت شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
سکھر میں بھی اتوار، پیر کی درمیانی شب ٹھیک 12 بجے سے لاک ڈاون کے احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیاتھا۔قبل ازیں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے فلیگ مارچ کی شکل میں شہر کی شاہراہوں پر گشت کیا گیا،فلیگ مارچ کے دوران پولیس موبائل سے اعلانات بھی کیے گئے ہیں کہ شہری بلاضروت گھر سے باہر نہ نکلیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سکھرپولیس کےمطابق لاک ڈاو ن کی خلاف ورزی پر شہر میں بلا وجہ مٹر گشت کرنے والے دو افراد، رات دیر گئے ہوٹل پر بیٹھنے پر ہوٹل مالک اور4 افراد سمیت 7 لوگوںکوزیر حراست لے کر5 کیخلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
وی این ایس ، سکھر











