وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ڈی آئی خان کا دورہ، تفتان سے آنے والے زائرین کیلئے قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ

163

پشاور،19 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز ڈی آئی خان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گومل میڈیکل کالج میں تفتان سے آنے والے زائرین کیلئے قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا ہے اور مرکز میں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔

کمشنر ڈی آئی خان اور دیگر حکام کی طرف سے قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لیے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ فی الوقت مرکز میں 250 سے زائد مشتبہ مریضوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے جس میں ضرورت پڑنے پر اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ مرکز میں ہر مریض کیلئے الگ کمرہ مختص کیا گیا ہے جبکہ مشتبہ مریضوں کے ابتدائی طبی معائنوں کا مکمل انتظام بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے قرنطینہ مرکز میں کئے گئے اانتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ مرکز میں سنٹیشن پروٹوکولز اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے اور ہر تین مریضوں کیلئے ایک واش روم کا انتظام موجود ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر سے لے کر عملہ صفائی تک تمام درکار عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو مزید بتایا گیاکہ مفتی محمود ہسپتال ڈی آئی خان میں کورونا کے مریضوں کیلئے 225 الگ تھلگ بستر مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مرکز میں آنے والے مشتبہ مریضوں کیلئے معیاری خوراک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس وباءکے پھیلاو کو روکنے میں مرکز میں تعینات عملے کے کردار کو انتہائی اہمیت کاحامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز میں تعینات عملہ ہمارے اصل ہیرو ہیں جو اس جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں۔

وی این ایس پشاور

Download Video