پشاور،9مارچ(اے پی پی): وفاقی محتسب کے مشیر ارباب شیربھادر نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کا ادارہ پاکستان کا واحد فورم ہے جہاں پر عوام کو بغیر کسی خرچ کے انصاف باآسانی مل سکتا ہے اس ادارے میں درخواست دینے کیلئے کسی وکیل یا سالیسٹر کی ضرورت نہیں بلکہ بندہ اپنا درخواست خود بذریعہ ڈاک، انٹرنیٹ یا موبائل ایپس پر بھجوا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں ڈپٹی کمشنر کے آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عوام تمام وفاقی محکموں کے خلاف اپنی شکایات انٹرنیٹ کے ذریعے یا اپنے موبائل کے ذریعے وفاقی محتسب کے پاس جمع کر سکتا ہے جبکہ ان درخواستوں پر عدالت پیشی سے متعلق معلومات اور تاریخ SMS کی ذریعے ان کو بھجوائی جاتی ہے۔
شیر بہادر خان نے کہا کہ وفاقی محتسب تمام وفاقی اداروں کی کارکردگی میں غفلت،کسی کے ساتھ ناانصافی یا کسی کی حق تلفی سے متعلق شکایت پر فیصلہ کر سکتی ہے اور ہر درخواست کی زیادہ سے زیادہ دو مہینے میں فیصلے کا پابند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے فیصلوں کے خلاف اپیل صرف صدر مملکت ہی سن سکتا ہے تاہم کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابھی تک ادارے کی 99 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ عدالت میں زیر سماعت مقدمات فیصلہ شدہ مقدمات سروسز سے متعلق درخواست نہیں سن سکتی جبکہ پنشنروں کو درپیش مسائل سمیت انفرادی مسائل حل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
اےپی پی/صائمہ حیات/فاروق











