پشاور ٹریفک پولیس کیجانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس تقسیم

142

پشاور،24مارچ(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کر کے شہریوں کو وباء سے بچنے کے  بارے میں  آگاہی دی اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔

 ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹر قائد کمال، ایس پی کینٹ ٹریفک اسلم نواز سمیت مختلف سیکٹروں کے ڈی ایس پیز اور ٹریفک آفیسرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں کیں ، شہریوں کو وباء سے بچنے کے  بارے آگاہی دی اور شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

 ترجمان پشاور ٹریفک پولیس کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل شہر بھر میں جاری آگاہی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور ٹریفک پولیس آفیسرز کو ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ وہ سڑکوں پر رہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور سواریوں والی گاڑیوں کیخلاف بھر پور کاروائیاں عمل میں لائیں۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین