کرونا وائرس؛پاکستان کی مدد کیلئےچین کی طرف سے امدادی سامان، 8 رکنی طبی ماہرین کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا

221

اسلام آباد، 28 مارچ(اے پی پی):کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرچینی حکومت کی طرف سے امدادی سامان اور

8 رکنی چینی طبی ماہرین کی ٹیم کو  لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کی طرف سے بھجوائے گئے امدادی سامان کو ہوائی اڈے پر وصول کیا اور 8 رکنی چینی طبی ماہرین کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ یہ چینی طبی ماہرین کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے خصوصی مہارت رکھتے ہیں،چینی طبی ٹیم دوہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ چینی طبی ماہرین کی معاونت سے کورونا کے خلاف نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی اور اس وبا سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو بروقت امدادی سامان بھجوانے پر چین کی حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین، کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی بھرپور معاونت کر رہا ہے ،    پاکستان اور چین کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے قریبی اشتراک عمل اور تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور چیرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ بھی موجود تھے۔

اے پی پی /حمزہ/قرۃالعین