کرونا وائرس دنیا کیلئے ویک اپ کال ہے کہ ماحول کو کلین اینڈ گرین رکھیں:معاون خصوصی ملک امین اسلم

174

لاہور،15مارچ(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا کیلئے ویک اپ کال ہے کہ ماحول کو کلین اینڈ گرین رکھیں، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، پاکستان کی بقاء کیلئے ہمیں شجرکاری کرنا ہوگی۔

وہ ہفتہ کے روز یہاں سٹی سکول پیراگون میں شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سٹی اسکول کے ممبر بورڈ آف ڈاریکٹر اورنگزیب فیروز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان  کے ویژن کلین اینڈ گرین کے تحت سٹی سکول کے ساتھ ایم او یو سائن ہو گیا ہے،حکومت سٹی سکول کو پودے فراہم کرے گی، مہم کے تحت سٹی سکول میں ہر سال 63000 درخت  لگائے جائیں گے،اس مہم کو کامیاب بنا ئیں گے۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم کے دو جزو ہیں،صفائی نصف ایمان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس  کے لئے حفاظتی انتظامات بھی وہی کئے جا رہے ہیں جو ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے، شجرکاری مہم اپنے عروج پر ہے،درخت لگا کر کرونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ ماحول کو صاف رکھنا ضروری ہے، وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین اور پلاسٹک سے پاک پاکستان ملک بھر میں 10ارب ٹری سونامی پروگرام میں دی سٹی اسکول یوتھ پروگرا م کی شرکت داری ایک مثبت اقدام ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے دی سٹی اسکول نے ملک بھر میں درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا وہ خوش آئند ہے،وزیر اعظم کے 10ارب ٹری سونامی پروگرام کے تحت ملک بھر میں سٹی اسکول نیٹ ورک کی فعال شراکت اور وزیر اعظم کی کلین اینڈ گرین ڈرائیو جیسے”پلاسفک فری سفر” جیسی کوششیں احسن اقدام ہیں۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی اس عزم کی حمایت کرنے پر سٹی سکو ل کو جراج تحسین پیش کرتی ہے اورہمیں یہ بھی فخر ہے کہ دی سٹی اسکول ملک بھر میں درخت لگانے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والا پہلا نجی اسکول نیٹ ورک ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹی اسکول موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی جنگ میں موثر انداز میں شرکت کیلئے پرعزم ہے،سٹی سکول پنجاب بھر میں سکولوں میں شجرکاری کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سٹی اسکول گرین کمپین کا اعلان کرتے ہوئے خوش ہوں کہ اس میں بڑے پیمانے پر ملک بھر میں درختوں کے لگانے کی مہم اور پلاسٹک فری سفر جیسے اقدامات شامل ہیں، اس مہم کے ذریعے فعال اسٹیک ہولڈرز کا ایک کیڈر بھی تشکیل دیاجائے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم  نے سٹی اسکول میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اے پی پی /لاہور/حامد