کرونا وائرس  پھیلنے  کے  خدشہ کے پیش  نظر یکم جون تک ہر سطح کے شیڈول امتحانات نہیں ہوں گے: شفقت محمود

173

اسلام آباد،18مارچ )اے پی پی( :وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ  یکم  جون تک ہر سطح کے شیڈول امتحانات نہیں ہوں گے۔نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا،جامعات میں داخلے بھی ایک ماہ تاخیر سے ہوں گے۔

 بدھ کو پریس کانفرس کے دوران شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سمیت ہم سب کوایک ہی تشویش ہے کہ بچوں کی حفاظت کی جائے۔ یہ بیماری ملنے جلنے سے زیادہ پھیل رہی ہے لہذا اجتماعات سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو بین الصوبائی وزرا کانفرنس طلب کی ہے جس میں 5 اپریل کے بعد سکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے   کہا کہ  یکم  جون تک جو بھی امتحانات ہونے ہیں وہ نہیں ہوں گے، کیمبرج سمیت باقی اداروں کے امتحانات بھی یکم جون تک ملتوی کر دئے گئے ہیں۔امتحانات کا معاملہ سکول بندش سے الگ رکھا ہے کیونکہ سکولوں کی بندش کا فیصلہ حالات کا جائزہ لے کر کیا جائے گا جبکہ بچوں نے امتحانات کی تیاری کرنی ہوتی ہے اس لیے یکم جون کے بعد اگر حالات ٹھیک ہوئے توامتحانات کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے گا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹیز کو ہاسٹل خالی کروانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے جس کا بیرون  ملک سے آئے طلباءپر اطلاق نہیں ہو گا۔ اساتذہ اور پروفیسر کا اداروں میں آنا ضروری نہیں تا ہم اگر اداروں کو ضرورت پڑی تو بلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اپریل سے آگے جانے کی صورت میں وزارت تعلیم دیگر مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے جس میں پی ٹی وی پر لیکچرز براڈکاسٹ کرنے کی بھی تجاویز شامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ، پی این سی اے میں تمام کلچرل پروگرام منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ایچ ای سی نے ٹیکنالوجی سپورٹ کمیٹی، کانٹینٹ کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

وی این ایس اسلام آباد

Download video