حکومت نے کورونا وائرس سےمتعلق پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کا اعادہ کیا: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

119

اسلام آباد ،06 اپریل (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس کی وبا سے متعلق مانیٹرنگ اور نگرانی کا کام کرے گی، حکومت نے پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کا اعادہ کیا ہے۔

 پیر کو کورونا وائرس کی وبا کے معاملہ پر قائم پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور محکمہ صحت نے پارلیمانی کمیٹی کو مکمل بریف کیا ہے، اپوزیشن اور حکومت نے تمام تجاویز دے دی ہیں جو خوش آئند ہے، جمعرات کو آئندہ اجلاس میں لاک ڈاﺅن کی صورتحال پر غور ہو گا، لاک ڈاون کے مزید بڑھنے کی صورت میں آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے، ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں کہا کہ یہ قومی مسئلہ ہے، پارلیمان کا کام ہے اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ پوری قوم یکجہتی اور قومی جذبہ سے اس مسئلہ پر قابو پا سکتی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے اس پارلیمانی کمیٹی کو فعال رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ آئندہ اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور محکمہ صحت سے بریفنگ لی جائے گی، پارلیمانی کمیٹی کورونا صورتحال پر حکمت عملی تیار کرے گی۔

اے پی پی /صائمہ/حامد