دنیا کے 35 ممالک میں پھنسے تبلیغ سے وابستہ 2200 افراد کو وطن واپس لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں: شہریار آفریدی

124

لاہور،15 اپریل(اے پی پی ):وزیر مملکت برائے نارکوٹیکس کنٹرول اینڈ سیفران شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ تبلیغ سے وابستہ 2200 افراد اس وقت دنیا کے 35 ممالک میں ہیں جنہیں وطن واپس لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، چاروں صوبائی حکومتوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کی مشاورت سے تبلیغی جماعت کے افراد کو واپس لانے کیلئے اسپکیر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جس کا کنوینر میں خود ہوں اور اسی سلسلے میں تبلیغی جماعت کی شوریٰ سے بات کرنے آیا ہوں، یہ ہمارے بھائی ہیں ان کے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔

بدھ کو یہاں ڈاکٹر ندیم کی سربراہی میں تبلیغی جماعت کے شوریٰ سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے   وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں تبلیغ پر آئے ہوئے ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی سکریننگ کی گئی ہے جن میں بہت سے لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، ان لوگوں کو ان کے گھروں کو روانہ کر دیا گیا ہے البتہ  جن افراد کے ٹیسٹ  مثبت  ہیں ان کا علاج جاری ہے ، صحت یابی کے بعد انہیں بھی گھروں کو روانہ کر دیا جائے گا، ہم تمام ایسے افراد جن کے کورونا ٹیسٹ مثبت ہیں ان سب کو عزت کے ساتھ قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے 237 تبلیغی جماعت کے افراد اپنے گھروں میں صحتیاب ہو کر روانہ ہو چکے ہیں۔

اس موقع پر تبلیغی جماعت کی شوریٰ کے سربراہ ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ اس وقت ہمیں اللہ تعالی کے سامنے سربسجود ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان نے بر وقت بہترین اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے ملک بھر میں تبلیغی جماعت کے افرادکو تحفظ دینے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اے پی پی /لاہور/قرۃالعین