ضلع خیبر میں افغانستان سے واپس آنے والے افراد کے لیے 7 قرنطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں: اجمل وزیر

149

 پشاور،19 اپریل(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ ضلع خیبر میں افغانستان سے واپس آنے والے افراد کے لیے سات قر نطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جس میں تقریبا 1500 افراد کی گنجائش موجود ہیں اور اب تک افغانستان سے 713 افراد آئے ہیں جو کہ قرنطینہ سنٹرز میں ہیں۔

 افغانستان سے آنے والے افراد کو پہلے قرنطینہ سنٹرز پھر آئسولیشن اور اس کے بعد ہائی ڈ یپنڈنسی یونٹس میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک صوبہ بھر میں کرونا کے 1137 مثبت کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ،226 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 60 افراد کی کرونا کی وجہ سے اموات ہوئی ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار اجمل خان وزیر نے جمرود فورٹ ،ضلع خیبر میں 30 دن کے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے قرنطینہ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر

 گفتگو کرتے  ہوئے  کیا  ۔ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر نے مشیر اطلاعات کو قرنطینہ سنٹرز میں موجود سہولیات اور دیگر ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی۔مشیراطلاعات کا کہنا تھا کہ شاہ کس قرنطینہ سنٹر میں 319 افراد موجود ہیں جن میں 108 مرد اور 211 خواتین شامل ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ جمرود فورٹ میں 300 بندوں کی گنجائش کا قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کو بطور ماڈل آئسولیشن ویلج استعمال کیا جائے گا جس میں اٹیچڈ واش رومز ہیں اور یہ مکمل طور پر ائسولییٹڈ  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جن کے ٹیسٹ منفی ہوں گے ان کو اپنے علاقوں کی طرف روانہ کیا جائے گا اور جن کے ٹیسٹ مثبت ہوں گے  وہ اپنا مقررہ وقت یہاں گزاریں گے۔

صوبائی مشیر  اطلاعات  نے کہا کہ افغانستان سے آنے والے افراد بشمول یواےای سے آنے والے لوگوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کر چکے ہیں، ہم اپنے بھائیوں کو تمام تر سہولیات ان قرنطینہ سنٹرز میں فراہم کر رہے ہیں جبکہ جلال آباد قونصلیٹ میں بھی کیمپ آفس قائم ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان تمام اقدامات اور سہولیات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انھوں نے مختلف اضلاع کے دورے بھی کئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں احتیاط اور سماجی رابطوں میں کمی اور حکومت کے مقرر کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں اشیائے خورد نوش کی چیزیں موجود ہیں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا جبکہ  وزیراعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر تبلیغی حضرات کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں، ٹیسٹ نیگیٹ،نفی آنے   والوں کے لیے اور بیرون ملک سے آنے والے تبلیغی حضرات کے لئے بھی انتظامات کر رہے ہیں  ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی جانیوالی تمام سہولیات اور حفاظتی سامان بشمول دیگر اقدامات کی تعریف کی۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین