عالمی وبا اور ہیلتھ ایمرجنسی کے با وجود بھارتی قابض فوج معصوم کشمیریوں پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے:ترجمان دفتر خارجہ

111

اسلام آباد ،17 اپریل (اے پی پی ): ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ 257 دن سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن برقرار ہے ،کرونا جیسی عالمی وبا اور ہیلتھ ایمرجنسی کے با وجود بھارتی قابض فوج معصوم کشمیریوں پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے  ہوئے  ترجمان دفتر خارجہ  کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کی جارحیت اور  پابندیوں کے باعث کشمیریوں کی بنیادی سہولیات اور ادویات تک رسائی مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ اور غلط بیان کو  مسترد کرتے ہیں، اس قسم کے بیانات کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ  اس سال اب تک بھارتی قابض فوج 765 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے،  2019 میں بھارت نے 3351 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی جارحیت سے اب تک 3 سویلین شہید جبکہ 54 سویلین شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہابھارتی جارحیت کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاو کیلئے بین الاقوامی ایٹمی انرجی ایجنسی پاکستان  کو پی سی آر مشین، سیفٹی کیبنٹس، ٹیسٹ کٹس مہیا کرے گا جس سے کرونا ٹسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آلات کی جلد پاکستان منتقلی کیلئے ویانا میں پاکستانی سفارتخانہ آئی اے ای اے سے تعاون کر رہا ہے۔

ترجمان نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور متعلقہ حکام کی ہدایت کے مطابق پاکستانی مشنز بیرون ملک پاکستانیوں کو ریلیف مہیا کر رہے ہیں ،مشکلات کا شکار بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستانی مشنز خوراک سپلائی جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ  اس وقت بیرون ملک سے تقریبا 43000 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی ضرورت ہے جن کی مرحلہ وار وطن منتقلی کے منصوبے کو ترتیب کیا جا رہا ہے۔ اب تک پی آئی اے کی 12 خصوصی پروازوں کے زریعے 2287 پاکستانیوں کو دوحہ، دبئی، بنکاک، استمبول، لندن، باکو، تاشقند، کولا لمپور اور سنگاپور سے گھر پہنچایا جا چکا ہے۔

اے پی پی /حمزہ /قرۃالعین