مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ، آئسولیشن مراکز میں بھی اعلی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں:صدر مملکت

128

لاہور، 8 اپریل (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں اعلی سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا کی وبا سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکریٹری پنجاب نے  صدر مملکت کو بریفنگ دی اور وبا پر کنٹرول کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صدر مملکت کو مریضوں کے علاج معالجے سے متعلق امور پر بریفنگ دی اور صوبے بھر میں قائم قرنطینہ مراکز اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بتایا۔

اس موقع پرصدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، مشتبہ مریضوں کو ٹھہرانے کے لیے قائم آئسولیشن مراکز میں بھی اعلی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔

 وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صدر مملکت کو صوبے میں کرونا وبا کے خلاف حکومتی کوششوں سے آگاہ کیااور بتایا کہ مریضوں کے علاج معالجے اور بحالی کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جارہے ہیں اور  صوبے کے تمام اضلاع میں طبی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں فیلڈ ہسپتال قائم کر لیے گئے ہیں، فیلڈ ہسپتالوں میں جدید ترین سہولیات مہیا کی گئی ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کا تسلی بخش علاج جاری ہے۔وائرس کی ٹسٹنگ کے لیے جدید لیبارٹریوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اس کے علاوہ  ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر چوہدری محمد سرور، صوبائی وزرا سمیت اعلی حکام نے بھی  شرکت کی۔

وی این ایس ، لاہور