مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

176

اسلام آباد،09 اپریل  (اے پی پی(: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت  جمعرات  کو منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت کے اہم شعبوں کی کارکردگی اور کرونا وائرس کی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیٹی نے وزیراعظم کے اعلان کردہ  اقتصاددی ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔

اجلاس میں پاور سیکٹر میں معاشی سرگرمیوں میں کمی  اور اس شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کے طریقہ کار کے جائزے کیلئے وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات  سمیت خزانہ اورپاور کی سیکرٹریوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ۔کمیٹی نے دو سو ارب روپے کے پاکستان انرجی سکوک بانڈز کے دوسرے مرحلے  کیلئے ویلویٹر کی تقرری کی  بھی منظوری دی ۔

ای سی سی نے بجلی بلوں میں ماہانہ اور سہ ماہی  بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ کو جون تک موخر کردیا،جس سے قومی خزانے پر ایک سو اکاون روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

اجلاس میں تاپی منصوبے کیلئے پرائس نیگوسیشن کمیٹی   میں  ایس این جی پی ایل کے ایم ڈی کی شمولیت کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کیلئے  سولہ کروڑ  روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جبکہ اجلاس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کیلئے  ایک ارب ستر کروڑ روپے  کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی  دی گئی ۔

کمیٹی نے سپیشل سکیورٹی ڈویژن ساوتھ کیلئے  گیارہ ارب اڑتالیس کروڑ روپے اور سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن  کیلئے چھیالیس کروڑ روپے  کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔

اے پی پی/ سعیدہ/قرۃالعین