پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشنن کیجانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے ہیلتھ کئیرسامان کا عطیہ

131

اسلام آباد،09 اپریل (اے پی پی ):وزارت خارجہ میں پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشنن (پفوا) کے زیر اہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ہیلتھ کئیر سامان عطیہ کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد کرونا چیلنج سے ہراول دستے کے طور پر نبرد آزما ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا ۔تقریب  میں  پفوا کی طرف سے  پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے کرونا حفاظتی لباس،  ماسکس اور دیگر حفاظتی سامان کا عطیہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے کرونا وبائی چیلنج سے نبرد آزما  ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہمت، جذبے اور عزم کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران کو اس رفاہی کام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پفوا نے ہمیشہ رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ، وزیر خارجہ نے پفوا کی طرف سے عطیہ کیا گیا ہیلتھ کئیر حفاظتی سامان وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق کے حوالے کیا۔

 پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے اس موقع پر حاضرین کو بتایا کہ انکی ٹیم نے ایک ٹیلی میڈسن سینٹر قائم کیا ہے جہاں تین ہزار ڈاکٹرز رجسٹر ہو چکے ہیں جو آن لائن طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں تاکہ ہسپتالوں پر بوجھ کم سے کم ہو سکے، انہوں نے کہا کہ کل صدرپاکستان نے پروٹیکٹ پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔ وائس چانسلر نے ہیلتھ کئیر حفاظتی سامان عطیہ کرنے پر وزارت خارجہ اور پفوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں پفوا عہدیداروں سمیت وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اے پی پی/حمزہ /قرۃالعین